صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کا خواب کشمیر کی آزادی تھا، جو جلد پورا ہوگا اور کشمیر آزاد ہوگا۔
کشمیری بزرگ رہنما سید علی گیلانی کے انتقال اور جسد خاکی چھیننےاور تدفین کے معاملے پر صدر مملکت نے کہا کہ بھارت ایسی حرکتوں سے اپنے اندر آگ لگا رہا ہے، بھارت اپنی حرکتوں سے خود کو تباہ کرلے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے جو وعدے کئے گئے وہ پورے نہیں ہوئے، وہاں عورتوں سے زیادتی کی گئی، لوگوں کو اندھا کیا گیا، کشمیریوں نے بہت ظلم برداشت کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں فیصلہ کن گھڑی بہت عرصے سے چل رہی ہے، اقوام متحدہ کی ساکھ پربہت برا اثر ہے، پاکستان نے بھروسہ کیا، ورنہ کشمیر آزاد کرالیتے،اقوام متحدہ کے وعدوں کی بنیاد پر تاخیر ہوئی، کشمیر میں جانیں ضائع ہوئی ہیں۔