خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں افغان باڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی پاک فوج کی چوکی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جبکہ شہید اہلکاروں میں مردان کے رہائشی 28 سالہ سپاہی جمال اور چترال کے 21 سالہ سپاہی ایاز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال پراحتجاج کیا اور کہا کہ امید ہے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔