چینی شہریوں کے قافلے پر خود کش حملہ،پاس کھیلتے دو بچے جاں بحق

تین گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو ایسٹ بے ایکسپریس وے پر واقع فشرمین کالونی میں کوسٹل روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔

گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک چینی شہری زخمی ہوا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آج شام چینی باشندوں کے قافلے کو  پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں لے جایا جارہا تھا، تین گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو ایسٹ بے ایکسپریس وے پر واقع فشرمین کالونی میں کوسٹل روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔

وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی گاڑیاں جیسے ہی فشرمین کالونی پہنچیں ایک نوجوان بھاگتا ہوا کالونی سے نکلا تاہم خوش قسمتی سے اس علاقے میں تعینات پاک فوج کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے لڑکےکو روکا لیکن نوجوان نے قافلے سے 15 ، 20 میٹر دور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق واقعے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوا جس کی حالت اب بہتر ہے، زخمی چینی باشندے کو قریبی گوادر اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے کے مقام پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق اور دو زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دونوں زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Exit mobile version