بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

شاہد خان آفریدی کو سیاسی جماعت بنانے کا مشورہ

شاہد آفریدی کی بہت ضرورت ہے اور انہیں اپنی جماعت بنا کر خیبرپختونخوا سے الیکشن لڑنا چاہیے یہ وہاں سے کلین سویپ کرلیں گے،یونس خان، راشد لطیف

قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور راشد لطیف نے شاہد آفریدی کو سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاست کو آفریدی کی ضرورت ہے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد صرف ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنے میں مصروف ہیں، اس کے علاوہ وہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے اپنی این جی او کو ملک بھر میں متحرک کررکھا ہے۔


گزشتہ روز قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور راشد لطیف نے ایک نجی ٹی وی چینل میں شرکت کی جہاں میزبان نے انہیں بڑی سکرین پر شاہد آفریدی کی تصویر دکھاتے ہوئے سوال کیا کہ آپ دونوں آفریدی کو کیا مشورہ دینا چاہیں گے۔ راشد لطیف نے کہا کہ یہ جو کام کررہے ہیں وہ بہت زبردست ہے بس ایسے ہی یہ کام جاری رکھیں اور جیسے اپنے کیریئر میں بیٹنگ دلیری سے کی ہے ویسے ہی فلاحی کام بھی دلیری سے کریں، انہیں سیاست میں ضرور آنا چاہیے کیوں کہ سیاست میں شاہد آفریدی کی بہت ضرورت ہے اور انہیں اپنی جماعت بنا کر خیبرپختونخوا سے الیکشن لڑنا چاہیے یہ وہاں سے کلین سویپ کرلیں گے۔


یونس خان نے بھی راشد لطیف کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا میں بھی سیاست میں شاہد آفریدی کا بھرپور ساتھ دوں گا اور ان کی جماعت میں شامل ہوں گا، اللہ انہیں اور ترقی دے اور چونکہ ان کی عمر اب زیادہ ہوگئی ہے لہذا زندگی میں سوچ سمجھ کر فیصلے لیں۔

Back to top button