بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

کرکٹر صہیب مقصود کی قسمت جاگ اٹھی

بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر پشاور زلمی کے حیدر علی اور عمید آصف آج ملتان سلطانز کے خلاف فائنل بھی نہیں کھیلیں گے

صہیب مقصود کو دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔صہیب مقصود کو حیدر علی کی جگہ قومی اسکواڈ میں جگہ ملی ہے جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمید آصف کے ہمراہ پی ایس ایل کے لیے بنائے جانے والے بائیو سکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کیا ہے، معطلی کی وجہ سے حیدر علی اسکواڈ کے ہمراہ نہیں جائیں گے۔

پشاور زلمی کے حیدر علی اور عمید آصف آج ملتان سلطانز کے خلاف فائنل بھی نہیں کھیلیں گے۔

پاکستانی اسکواڈ نے کل انگلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے، صہیب مقصود خوش قسمت ہیں کہ وہ روانگی سے 24 گھنٹے قبل قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔

چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم محمد وسیم نے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کیا۔

صہیب مقصود پاکستان سپر لیگ 6 کے 11 میچز میں اب تک 363 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 40.33 اور اسٹرائیک ریٹ 153کے قریب رہا۔

صہیب مقصود اس سے قبل 26 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

حیدر علی کے مسلسل ناکام ہونے کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی پر تنقید ہو رہی تھی اور ان فارم بیٹسمین صہیب مقصود کو ٹیم میں شامل کیے جانے کی با تیں ہو رہی تھیں۔

حال ہی میں این ایچ پی سی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے بھی ایک میڈیا ٹاک میں کہا تھا کہ صہیب مقصود ان فارم ہیں ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

Back to top button