وزیرِاعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داود نے اہم ملاقات کی ہے۔لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران پنجاب میں جدید ترین انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کر لی۔
اس موقع پر پنجاب میں کوآپریٹو ایگری کلچرل فارمنگ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کاٹن اور دیگر نقد آور فصلوں کے لیے کاشت کار کو معاشی مراعات دی جائیں گی۔
ملاقات کے دوران آلائشوں سے پاک کپاس کے لیے تمام تر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اسٹچنگ انڈسٹری کے لیے ملتان میں پلگ اینڈ پلے سینٹر بنانے کی تجویز پر غور بھی کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو کپاس کی پیداوار کا ماڈل خطہ بنایا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کپاس کی پیداوار بڑھنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور دیگر صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا، پنجاب کو زرعی و صنعتی لحاظ سے ماڈل صوبہ بنانے پر کام کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داود نے کہا کہ پنجاب کی پرفارمنس بہتر جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتِ پنجاب کے صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ملاقات کے دوران پنجاب کے وزیرِخزانہ ہاشم جواں بخت، وزیرِ انڈسٹریز میاں اسلم اقبال اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔