وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ نیب 20 سال سے ہے لیکن طاقتور کے خلاف اس نے کارروائیاں ہمارے دور میں شروع کیں اور ہمارے دور میں بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا ہے۔گلگت بلتستان میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسد عمر کو جی بی پیکج کے لیے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قرض کی ادائیگی کی وجہ سے ہمارے پاس کم پیسہ ہوتا ہے لیکن کم پیسے کے باجود اس طرح کا پیکج بڑاکارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی بی کا اصل پوٹینشل سیاحت ہے، پاکستان کی برآمدات 25 ارب ڈالر ہے اور سوئٹزرلینڈ صرف سیاحت سے 60 سے 80 ارب ڈالر کماتا ہے، جب جی بی میں سیاحت میں ترقی ہوگی تو ملک کو فائدہ ہوگا۔اس موقع پر وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ مجھ سے بڑے غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں، ماضی میں مجھ سے ٹکٹ دینے میں کئی غلطیاں ہوئیں اب ٹکٹ دینے میں غلط فیصلے پراکثر سوچتا رہتا ہوں۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنی ذات کوفائدہ پہنچانے کے لیے اقتدار میں آتےہیں اور یہ لوگ اقتدار میں آکر پیسہ باہر بھیجتے ہیں، ملک سے پیسہ باہر لے جانے والے ملک کے سب سے بڑے غدار اور مجرم ہیں، یہ نام عوام کا لیتے ہیں اور اقتدار میں آکر اپنا پیٹ پالتے ہیں، ملک میں بڑے چوروں کا احتساب ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس ملک میں انصاف نہ ہو وہ کبھی عظیم ملک نہیں بن سکتا، جس ملک میں انصاف نہ ہو، قانون کی بالادستی نہ ہو وہاں خوشحالی نہیں آسکتی، طاقتور لوگ جو چوری کرتے ہیں وہ ملک تباہ کردیتے ہیں، نیب 20 سال سے ہے لیکن طاقتور کے خلاف اس نے کارروائیاں ہمارے دور میں شروع کیں، نیب نے ہمارے دور میں بڑے لوگوں پرہاتھ ڈالا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک ڈیموکریٹ ہوں، کبھی کسی ڈکٹیٹرکی حمایت نہیں کرسکتا۔