حکومت پر تنقید، ترکی میں 10 ریٹائرڈ ایڈمرلز زیر حراست

ترکی میں حکومت پر تنقید کرنے پر 10 ریٹائرڈ ایڈمرلز کو حراست میں لے لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک حکام نے 100 سے زائد نیوی کے سابق سینئر افسران پر مشتمل ایک گروپ کی جانب سے حکومت کے خلاف بیان جاری کرنے پر 10 سابق ایڈمرلز کو حراست میں لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ نیوی کے سابق افسران نے اپنے بیان میں ترکی کی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کو ملک میں 2016 میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت سے جوڑا ہے۔ترکی کے مقامی میڈیا کا کہنا ہےکہ ان تمام سابق افسران کو حکومت کے خلاف جاری کھلے خط سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا ہے جسے ترکی کے چیف پراسیکیوٹر نے دارالحکومت انقرہ میں پیش کیا تھا۔

ترکی کے چیف پراسیکیوٹر نے اس معاملے پر مزید 4 مشتبہ افراد کو تین دن کے اندر انقرہ پولیس کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ انہیں ان کی عمر کی وجہ سے حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حراست میں لیے جانے والے سابق سینئر افسران پر الزام عائد کیا گیا ہےکہ انہوں نے آئینی احکامات سے روگردانی کرنے کے لیے فورس اور تشدد کا سہارا لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق افسران کو 104 ریٹائرڈ ایڈمرلز کا دستخط شدہ خط سامنے آنے پر حراست میں لیا گیا ہے جس کی صدارتی دفتر کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ترک میڈیا کا بتانا ہےکہ نیوی کے ان سابق افسران کو انقرہ، استنبول اور دیگر شہروں میں ان کے گھروں میں ہی زیر حراست رکھا گیا ہے جب کہ ان سے دارالحکومت میں قائم چیف پراسیکیوٹر کے دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

Exit mobile version