دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق سے ٹیم منتخب کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا۔ نئی پالیسی کے مطابق مصباح کا ٹیم منتخب کرنے کا حق چھین لیا گیا اور کپتان بابراعظم ٹیم کے انتخاب کے دوران کمیٹی کے دیگر ممبروں کی مشاورت سے حتمی بات کریں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ہیڈ کوچ کا کردار مشاورتی ہوگا ،اب تک مصباح الحق کا قومی ٹیم کی سلیکشن میں حتمی کردار ہوتا تھا جب کہ کپتان بابراعظم سے صرف مشورہ کیا جاتا تھا۔جنوبی افریقہ سیریز کے لئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حتمی انتخاب بابراعظم کریں گے ، بابراعظم، ہیڈ کوچ مصباح سمیت دیگر کوچز ٹیم سلیکشن کے لیے یونس خان سے بھی مشورہ کرسکیں گے ۔ذرائع کے مطابق کرکٹ کمیٹی کے ممبران وسیم اکرم ، عمر گل اور اروج ممتاز نے مصباح کو ہٹانے کے خلاف تجویز پیش کی، نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم جمعہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف سکواڈ کا اعلان کریں گے، وہ ٹیم کو حتمی شکل دینے سے پہلے سلیکٹرز ، کپتان اور مصباح سے مشورہ کریں گے۔