بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سرفراز احمد ، فواد عالم اور حیدر علی پاکستانی ٹیم میں شامل

دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔

دورہ انگلینڈ کے لیے طویل اور محدود، دونوں طرز کی کرکٹ کے نمایاں کھلاڑیوں پر مشتمل ایک وسیع اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام کھلاڑیوں کی ایک ساتھ انگلینڈ روانگی اور پھر واپسی ہے۔

حیدر علی نے گذشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی کی بدولت سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کٹیگری میں جگہ حاصل کی تھی۔

حیدر علی کے علاوہ 29 رکنی اسکواڈ میں سپنر کاشف بھٹی بھی اپنے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔ وہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف اعلان کے کردہ اسکواڈ کا حصہ تھے مگر فائنل الیون میں جگہ نہ بناسکے۔ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اُدھر فاسٹ باؤلر سہیل خان کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ آخری ٹیسٹ میچ 2016 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا میں کھیلا تھا۔

29 کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں

اوپنرز (4): عابد علی (سندھ)، فخر زمان (خیبر پختون خواہ)، شان مسعود (سدرن پنجاب) اور امام الحق (بلوچستان)

مڈل آرڈر بیٹسمین(9): اظہر علی، کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم (سینٹرل پنجاب)، بابر اعظم، نائب کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم اور کپتان قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم (سینٹرل پنجاب)، اسد شفیق (سندھ)، فواد عالم (سندھ)، حیدر علی (ناردرن)، افتخار احمد (خیبر پختون خواہ)، خوشدل شاہ (خیبر پختون خواہ)، محمد حفیظ (سدرن پنجاب) اور شعیب ملک (سدرن پنجاب)

وکٹ کیپرز (2): محمد رضوان (خیبر پختون خواہ) اور سرفراز احمد (سندھ)

فاسٹ باؤلرز (10): فہیم اشرف (سینٹرل پنجاب)، حارث رؤف (ناردرن)، عمران خان (خیبر پختون خواہ)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد حسنین (سندھ)، نسیم شاہ (سینٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، سہیل خان (سندھ)، عثمان شنواری (خیبر پختون خواہ) اور وہاب ریاض (سدرن پنجاب)

سپنرز (4): یاسر شاہ (بلوچستان)، عماد وسیم (ناردرن)، کاشف بھٹی (سندھ) اور شاداب خان (ناردرن)

سلیکٹرز نے بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ٹور کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔

فاسٹ باؤلرز حسن علی، محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ حسن علی کمر کی انجری اور محمد عامر دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں تھے جبکہ حارث سہیل نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر دورہ انگلینڈ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔

One Comment

Leave a Reply

Back to top button