بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے، مزار قائد پر پھول چڑھائے فاتحہ خوانی کی

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی آمد کے بعد مزار قائد پہنچ گئے جہاں انہوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خانی کی۔ایرانی صدر کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر گورنر کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔قبل ازیں ایرانی صدر کی لاہور سے کراچی آمد پر گورنر کامران خان ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر اہم صوبائی شخصیات نے کراچی ایرانی  ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، صوبائی وزرا عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ایرانی صدر کے دورے کے دوران وزارت داخلہ کی ہدایت پر کراچی کے مخصوص روٹس پر موبائل فون سروسز معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی ٹی اے نے کراچی میں موبائل فون سروس معطل رکھنے سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق 23 اپریل کی سہ پہر 3 بجے سے 24 اپریل صبح 8 بجے تک موبائل سروس معطل رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ ایرانی صدر کے دورہ کراچی کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ایرانی صدر کی لاہور سے خصوصی طیار ے کے ذریعے کراچی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وفود کی آمد کے موقع پر 3 ہزار 847 سے زائد پولیس کے افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 345 ویسٹ میں 164 اور ڈسٹرکٹ ساوتھ 300 سے زائد افسران و ملازمین اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جب کہ ٹریفک کے 1500 اور اسپیشل برانچ کے 300 سے زائد افسران سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیے  گھریلو تنازع پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

کراچی پولیس نے بتایا کہ شہر کے حساس مقامات پر سنائپرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے گزارش ہے کے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کریں۔کراچی پولیس اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اپنے دورہ کراچی کے دوران ابراہیم رئیسی مزار قائد پرحاضری دیں گے، وہ مزار قائد سے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچیں گے جہاں معزز مہمان کی وزیراعلیٰ سندھ، کابینہ ارکان سے ملاقات ہوگی۔اس دوران ایرانی صدر کو جامعہ کراچی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی سند سے نوازا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق ایرانی صدر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی میں ہی قیام کریں گے اور بدھ کی صبح کراچی سے روانہ ہوجائیں گے۔قبل ازیں ایرانی صدر آج اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، انہوں نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے اراکین کا تعارف کرایا۔

Back to top button