بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر داخلہ سے ایرانی سفیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت داخلہ کے مطابق ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم وزارت داخلہ پہنچے جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت اور حتمی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں ایرانی صدر کے دورے کے دوران مجوزہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایرانی سفیر نے ایران کے صدر کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ بطور نگران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے محسن نقوی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ آپ نے وزارت اعلیٰ کے دور میں عوامی منصوبوں کو انتہائی غیر معمولی رفتار سے مکمل کرایا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا ایرانی سسفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ایرانی صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، پاک ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور دیرپا استحکام کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیے  اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور برطانوی وزیرخارجہ کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ
Back to top button