بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

علی امین خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد

پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر علی امین کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج پارٹی رہنما بیرسٹر گوہر خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا۔

عمران خان نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے لیے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے لیے 3 نام سامنے آئے تھے، ان ناموں میں مشتاق غنی، تاج محمد خان ترند اور علی امین گنڈا پور شامل تھے۔

خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 133 سے کامیاب ہوئے ہیں جب کہ اس کے علاوہ انہوں نے ڈیرہ اسمعٰیل خان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کو بڑے مارجن سے ہرایا تھا۔علی امین گنڈاپور 93 ہزار 443 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے تھے جب کہ مولانا فضل الرحمٰن 59 ہزار 922 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔

مزید پڑھیے  مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، وزیراعظم
Back to top button