بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، سری لنکا کا آسڑیلیا کو جیت کیلئے 210 رنز کا ہدف

 آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 14 ویں میچ میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 210 رنز کا ہدف دے دیا۔ بھارت کے شہر لکھنؤ کے اکانا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں سری لنکا کے کپتان کسال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 209 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4، پیٹ کمنز اور مچل سٹارک نے 2،2 جبکہ گلین میکسول نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سری لنکن اوپنرز نے شاندار اننگز کا آغاز کیا، پہلی وکٹ 125 کے مجموعی سکور پر گری جب پتھم نسانکا 61 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اوپننگ پارٹنر کسال پریرا 78 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 165 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان کسال مینڈس 9 سکور بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، چوتھی وکٹ سدیرا سمارا وکراما کی گری جو 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔32 ویں اوور میں میچ کو بارش کے باعث روکنا پڑا، 28 منٹ کے وقفے کے بعد میچ کو دوبارہ شروع کیا گیا، بارش کے بعد سری لنکا کی جانب سے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی، 178 کے مجموعی سکور پر پانچویں وکٹ گری جب دھننجایا ڈی سلوا 7 سکور بنا کر بولڈ ہوئے جبکہ دونیتھ ویلالگے 2 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی ساتویں وکٹ 196 کے مجموعی سکور پر گری جب چمیکا کرونا رتنے 2 سکور بنا کر آؤٹ ہوگئے دیگر کھلاڑیوں میں مہیش تھیکشانا 0، لاہیرو کمارا 4 اور چریتھ اسالانکا 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

مزید پڑھیے  بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شمولیت کا جائزہ لے رہے ہیں، دفتر خارجہ
Back to top button