بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی حمزہ خان کو ورلڈ جونیئر کا اعزاز جیتنے پر مبارکباد

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حمزہ خان کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، 2023جیتنے پر مبارکباد دی۔ سکواش کے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے آسٹریلیا کے ساحلی علاقے میلبورن میں کھیلے گئے فائنل میچ میں مصر کے محمد زکریا کو 3-1کے سکور سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ائیر چیف نے37برس بعد ٹائٹل پاکستان واپس لانے پر نوجوان چیمپئن کو مبارکباد دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فتح نے 1986 میں جان شیر خان کی ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں فتح کی یاد تازہ کر دی۔ انہوں نے اس جیت کو سکواش کے کھیل میں پاکستان کی ایک شاندار واپسی قرار دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پوری قوم کو اس باصلاحیت کھلاڑی کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے جس نے سکواش کے کھیل میں سبز ہلالی پرچم سربلند کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور صدر پاکستان سکواش فیڈریشن یہ کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک میں سکواش کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ، پی ایس ایف کے شانہ بشانہ قوم کے لئے ایسی مزید فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس مقصد کے لئے بہترین صلاحیتوں کے حامل نوجوان کھلاڑیوں کی معاونت جاری رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائیر وائس مارشل کاظم حماد اور کنٹیجینٹ منیجر ائیر کموڈور (ریٹائرڈ)آفتاب صادق قریشی کی جانب سے کی گئی بھرپور کاوشوں اور کھلاڑیوں کو معیاری تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سکواش کے کھیل میں باصلاحیت نوجوانوں کی معاونت کے انکے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

مزید پڑھیے  محمد حفیظ انگلینڈ کے میدانوں پر اب تک 41 انٹرنیشنل میچز میں 1255 رنز بنا چکے

ائیر چیف نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر کوچنگ سٹاف کی محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے سکواش کے کھیل میں پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بہال کرنے کے لیے پی ایس ایف انتظامیہ کی جانب سے کی گئی بھرپور کوششوں کی بھی تعریف کی۔

Back to top button