بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

34سال کے دوران 11ہزار259سے زائد کشمیری خواتین کی بے حرمتی

مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج نے جنگی حربے کے طور پرگزشتہ 34سال کے دوران 11ہزار259سے زائد کشمیری خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بھارت مقبوضہ جموں کشمیرمیں جان بوجھ کر خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ کشمیریوں کی تذلیل کی جائے اور انہیں خوفزدہ کیا جا ئے۔تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشمیری خواتین بھارتی فورسز کی جارحیت کا سب سے زیادہ شکار ہیں کیونکہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کے لیے جنسی تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہاہے۔ کنن پوش پورہ میںاجتماعی عصمت دری، شوپیان میں عصمت دری اور دوہراقتل اور کٹھوعہ میں ایک کمسن بچی کی عصمت دری اور قتل مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کے سفاکانہ چہرے کی عکاسی کرتے ہیں۔

بھارتی فوجیوں نے 23فروری1991 کی رات کو ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوش پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 100 کے قریب خواتین کی اجتماعی عصمت دری کی۔ بھارتی فورسز نے29مئی 2009کو ضلع شوپیاں میں دو خواتین آسیہ اورنیلوفر کو اغوا کرکے اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا اور بعد میں دوران حراست قتل کردیا۔ان کی لاشیں اگلی صبح علاقے میں ایک ندی سے برآمد ہوئیں۔جنوری 2018میں جموں کے علاقے کٹھوعہ میں ایک 8 سالہ مسلم بچی آصفہ بانو کو بھارتی پولیس اہلکاروں اور فرقہ پرست ہندوئوں نے اغواکرکے بار باراجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اب تک مقبوضہ علاقے میں ایسے گھنائونے جرائم میں ملوث کسی بھی بھارتی فوجی یا پولیس اہلکار کو سزا نہیں دی گئی۔رپورٹ کے مطابق دو درجن سے زائد کشمیری خواتین کو جیلوں میں غیر قانونی نظربندی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ کشمیری کنن پوش پورہ میں اجتماعی عصمت دری کے المناک سانحے سمیت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اسی طرح کے کئی دیگر غیر انسانی واقعات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ رپورٹ میںخواتین کے حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا گیاکہ وہ کشمیری خواتین کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں۔

مزید پڑھیے  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، 4 کشمیری جوان شہید کر دیئے
Back to top button