بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عدلیہ میں اس وقت عمران خان کے سہولت کار بیٹھے ہیں، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اور مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدلیہ میں اس وقت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کے سہولت کار بیٹھے ہیں، جن کو وہ ہینڈسم لگ رہا ہے، جب وہ گھر جاتے ہیں تو ان کے بچے کہتے ہیں کہ بڑا ہینڈسم ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی تاریخ پر عدالت نہیں آیا، یہ صرف اس لیے ہورہا ہے کہ توشہ خانہ کا جواب نا دینا پڑے، یہ رعایت ہر ملزم کو میسر نہیں ہوتی، یہ صرف ایک مخصوص لاڈلے کو میسر ہے، اس پر جتنے بھی مقدمات ہیں وہ اپنی مرضی سے کورٹ آئے، وہ جتھا لے کر اندر گھس جائے، وہ گاڑی پر اترے یا پیدل آئے یہ اس کی مرضی ہے، جب انصاف کا معیار مختلف ہوگا تو قانون کی حکمرانی کیسے آئے گی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ رٹ آف دی اسٹیٹ بلکل چیلنج ہوئی ہے، طاقتور اور کمزور کیلئے الگ، الگ قانون ہے، ہم نے فرد جرم بھی لگوائیں، جیلوں میں گئے، مقدمات بھی بھگتے، قائد مسلم لیگ ( ن ) میاں نواز شریف پر روزانہ کی بنیاد پر نیب میں مقدمہ چلایا گیا، پاکستان کی تاریخ میں کوئی مقدمہ نہیں جو روزانہ کی بنیاد پر چلا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو گرفتار کرنا بہت آسان ہے لیکن اگر کوئی جانی نقصان ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا، ہم تو عمران خان کو کان سے پکڑ کے آدھے گھنٹے میں باہر نکال سکتے ہیں لیکن شہریوں کی جانیں قیمتی ہیں اور ہم کسی قسم کا تشدد نہیں چاہتے۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم کی مذاکرات کی کامیابی پر شیخ رشید کو مبارکباد
Back to top button