بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ذخیرہ اندوز باز آجائیں ورنہ سخت نتائج بھگتنا ہونگے، وزیر پیٹرولیم

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول پمپ مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ رک جائیں اور اگر وہ ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ جاری رکھیں گے تو ان کے لائسنس منسوخ کردیے جائیں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم کمپنیوں کے پاس اس وقت پاکستان میں 20 دنوں کا پیٹرول اور 29 دن کا ڈیزل موجود ہے، اگر یہ بات ٹھیک ہے کہ ہمارے پاس پیٹرول اور ڈیزل موجود ہے تو جو ٹیلی ویژن پر چل رہا ہے کہ یہاں پیٹرول کی کمی ہے یا لائن لگ گئی ہے تو اس کی کیا وجہ ہے اور وہ ذخیرہ اندوزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کچھ لوگ ہمیشہ کی طرح ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں، آپ کے اور آپ کے بچوں کے حق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں اور میری ان تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ رک جائیں اور آج ہی رک جائیں، اس درخواست کو تنبیہ جانیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست ماں ہوتی ہے، ریاست کو شفقت کرنی ہوتی ہے اور ریاست کو عوام کے تحفظ کے لیے سختی بھی کرنی پڑتی ہے، اسی لیے اسے ریاست کہا جاتا ہے لہٰذا میں جو آپ سے درخواست کررہا ہوں اس کم کو زیادہ جانیے، اس کو تنبیہ جانیے اور آپ یہ بند نہیں کر پائیں گے، آپ ذخیرہ اندوزی نہیں کا پائیں گے، آپ لوگوں کے حق پر ڈاکا نہیں ڈال پائیں گے کیونکہ یہ ہمارا عزم ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کیا کہ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کو اس کے بہت سخت نتائج بھگتنے پڑیں گے، ہم آپ کے لائسنس منسوخ کردیں گے، آپ جو چار پانچ دن کے لیے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اس کے نتیجے میں آپ کا کاروبار چلا جائے گا اور پھر آپ اسی طرح پریس کانفرنس کرتے پھریں گے اور یہاں بیٹھ کر بلک رہے ہوں گے۔

مزید پڑھیے  والدین کا احتجاج رنگ لے لایا، بھارتی سکول نے حجاب پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں وہ یہ جان لیں کہ وہ حق حلال سے کمائی کرنے والے اپنے دوستوں اور عوام کی دن رات خدمت کرنے والے پیٹرول پمپ والوں کا نام خراب کررہے ہیں، آپ عزت سے روٹی کمانے والے ہر پیٹرول پمپ والے شخص کے حق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں اور لوگوں کی نظروں میں ان کی اور اپنی تنظیم کی عزت کو گھٹا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوز رک جائیں ورنہ اگر آپ لوگوں کو تنگ کریں گے تو آپ تنگ ہوں گے، اس کے علاوہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے لگی ہے لیکن ہمارا اس وقت تیل کی قیمت میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور تیل کی قیمت کا اعلان اپنے مقررہ وقت پر بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت کی مطابقت کے مطابق کیا جائے گا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کل شام سے قلت اور ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں اور آج تین مرتبہ اعدادوشمار چیک کرنے کے بعد میں یہاں حاضر ہوا ہوں، ہمارے ملک میں تیل ہے، کچھ جگہوں پر وہ تیل روکنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ آئی ایم ایف آیا ہوا ہے تو تیل کی قیمت بڑھ جائے گی اور جو تیل ہم نے روکا ہے تو اس کی قیمت ڈبل ہو جائے گی، تیل کی قیمت بھی ڈبل نہیں ہو گی اور آپ کو نقصان بھی ہو گا۔

روس سے سستے داموں تیل خریدنے کے حوالے سے سوال پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ہمارے کمرشل معاہدے کی تفصیل مارچ کے آخر تک فائنل ہو جائے گی اور تمام تفصیلات طے ہو جاتی ہیں تو ہم روس سے سستا تیل ینا شروع کردیں گے۔

مزید پڑھیے  ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹنا پڑے گا،شوکت ترین
Back to top button