بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ژوب، افغانستان سے دہشتگردوں کاحملہ، ایف سی کے 4 جوان شہید، 6زخمی

شہدا میں حوالدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس، سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شامل

بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی)کے 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات(آئی ایس پی آر)کے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے مانزکئی سیکٹر میں پاک افغان بارڈر پرباڑ لگانے کے دوران سرحد پار سے دہشتگردوں نے  ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں4 جوان شہید اور6زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

شہدا میں حوالدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس، سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کے جوان پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ دہشتگردوں نے اچانک حملہ کیا۔ ایف سی کی جانب سے دہشتگردوں کی فائرنگ کا فوری جواب دیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیے  ڈی جی آئی ایس آئی نے پاکستان کی طرف سے افغانستان میں دراندازی کے الزامات مسترد کردیئے
Back to top button